برازیلیہ (آئی این پی )شمال مشرقی برازیل کے ایک ویران جزیرے پرپراسرار بکریوں کے ایک ریوڑ نے بغیر پانی 200سال تک زندہ رہ کر سائنسدانوں کو بھی حیران کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سانتا باربرا 5آتش فشاں جزیروں میں سے ایک اور ابرولہوس مجمع الجزائر کا حصہ ہے جو مشرقی برازیل کی ریاست باہیا کے ساحل سے تقریبا 70کلومیٹر دور بحراوقیانوس پر واقع ہے۔سائنس دانوں کا خیال ہے کہ ان پر اسرار بکریوں کو اس جزیرے پر انسانی خوراک کا قابل بھروسہ ذریعہ سمجھ کر باہر سے آنے والے آبادکاروں کے ذریعے لایا اور چھوڑ دیا گیا، جب یہ نوآبادیات ناکام ہوگئی تو یہ مویشی معمول کی طرح پیچھے رہ گئے۔تاریخی ریکارڈ کے مطابق سانتا باربرا جزیرے پر ان بکریوں کی موجودگی 250سال سے بھی زائد عرصے سے ہے جب کہ اس جزیرے پر پانی کا بھی کوئی ذریعہ موجود نہیں۔ گذشتہ ماہ مارچ میں ابرولہوس نیشنل میرین پارک کا انتظام وانصرام سنبھالنے والے چیکو مینڈس انسٹی ٹیوٹ فار بایو ڈائیورسٹی کنزرویشن نے سانتا باربرا پر آخری 27بکریوں کو منتقل کردیا۔ رپورٹ میں وجہ بتائی گئی ہے کہ بکریوں کی جزیرے پر موجودگی ماحولیاتی توازن کو نقصان پہنچانے کا سبب بن رہی تھی۔