لکی مروت: دہشت گردوں اور امن کمیٹی میں جھڑپ، ایک شخص جاں بحق، 3زخمی

دہشتگردوں کی جانب سے فائر کیا گیا راکٹ گندم کے ڈھیرپر لگنے سے آگ بھڑک اٹھی،علاقے میں سرچ آپریشن شروع
 لکی مروت (آئی این پی ) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے بیگو خیل میں رات گئے دہشتگردوں اور امن کمیٹی کے اراکین کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق جھڑپ کے دوران دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جبکہ امن کمیٹی کے اراکین نے بھی بھرپور جوابی فائرنگ کی۔ واقعے کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے فائر کیا گیا راکٹ گندم کے دو ڈھیروں پر لگنے سے آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جھڑپ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی جس کے بعد دہشتگرد فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔