وفاقی وزیر مذہبی امور اور سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے اسلام آباد ایئرپورٹ سے عازمین کو الوداع کیا
کوئٹہ سے 170،لاہورسے323عازمین روانہ،سعودی قوانین کا خیال رکھناعازمین کی ذمہ داری،سردار یوسیف
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان سے حج آپریشن 2025کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے کی پہلی حج پرواز پی کے 713 منگل کی علیٰ الصبح 4بج کر 45منٹ پر 442عازمین حج کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر عازمین حج کو الوداع کیا ۔ اس موقع پر عازمین حج کو خصوصی تحائف بھی دئیے گئے۔ کوئٹہ سے بھی پہلی حج پرواز پی کے 7201صبح 10بجے 170عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہو ئی ۔ جبکہ لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 ،323حجاج کرام کو لے کر روانہ ہو ئی ۔ وفاقی وزیر نے روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر حج امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا ۔ انہیں روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج سعودی عرب میں نہ صرف اللہ کے مہمان ہیں بل کہ پاکستان کے سفیر بھی ہیں، اس لیے سعودی قوانین، ثقافت اور نظم و ضبط کا خاص خیال رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔