پہلگام لائن آف کنٹرول سے150 کلومیٹر دور ، واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آرکا اندراج ثبوت ہے کہ یہ سازش پہلے سے تیار کی گئی تھی،وفاقی وزیراطلاعات
بھارت دہشت گردی کوسپانسرکرتا ہے، لندن میں پاکستانی سفارتخانے پرحملہ بھارتی حکومت کی انتہا پسند سوچ کا عکاس ،غیرملکی میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہے، پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ سے ملکی معیشت کواربوں ڈالرزکا نقصان ہوا، فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت دنیا بھرمیں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، پہلگام لائن آف کنٹرول سے150 کلومیٹر دور ہے، واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آرکا اندراج ثبوت ہے کہ یہ سازش پہلے سے تیار کی گئی تھی، پاکستان نے واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ جعفرایکسپریس واقعہ میں دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کویرغمال بنایا، بھارت کے علاوہ پوری دنیا نے جعفرایکسپریس واقعہ کی مذمت کی، بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پکڑا جو پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث تھا، سکھ رہنماؤں کے قتل میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے شواہد دنیا کے سامنے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کوسپانسرکرتا ہے، لندن میں پاکستانی سفارت خانے پرحملہ بھارتی حکومت کی انتہا پسند سوچ کا عکاس ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنی سالمیت اورخودمختاری کا دفاع کرنا جانتا ہے۔