پاک فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پر 2بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرائے

بھارتی فوج نے بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر اور  ستوال سیکٹر میں  پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاسوسی کرنے کی کوشش کی:سیکورٹی ذرائع 
 راولپنڈی(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )پاک فوج نے لائن آف کنٹرول   پر بھارتی کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ناکام بناتے ہوئے 2کواڈ کاپٹر مار گرائے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر میں دشمن نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کرنے کی کوشش کی، پاک فوج نے بروقت کارروائی کر کے دشمن کی اس مذموم کوشش کو ناکام بنا دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر پر بھارتی فوج کا ایک اور کواڈ کاپٹر گرایا ہے، بھارتی فوج کا کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے میں جاسوسی  کر رہا تھا، مار گرایا جانے والا کواڈ کاپٹر Phantom-4 ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاک فوج کی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق   دشمن کی طرف سے اس طرح کی حرکتیں خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوششیں ہیں  لیکن پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہے،