قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے اپنا موبائل فون واپس کرنے کا مطالبہ کردیا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کو خط لکھ کر لاہور ہائی کورٹ کے حالیہ حکم پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔رضوان نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں تاحال تحقیقات کی نوعیت سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے خط میں اس موبائل فون کی واپسی کی بھی درخواست کی جو این سی سی آئی اے کے پاس موجود ہے اور 31 اگست کو انگلینڈ میں ان سے لیا گیا تھا۔محمد رضوان کے مطابق انہیں بتایا گیا تھا کہ موبائل فون تین گھنٹے میں واپس کردیا جائے گا، تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود فون واپس نہیں کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے تقریباً دو ہفتے قبل رضوان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم عدالت نے ایجنسی کو غیر ضروری ہراسانی یا تکلیف سے گریز کا حکم بھی دیا تھا۔
رضوان نے خط میں این سی سی آئی اے سے مطالبہ کیا کہ انہیں تحریری طور پر بتایا جائے کہ تحقیقات کس مخصوص معاملے سے متعلق ہیں اور انہیں آئندہ کب پیش ہونا ہے۔قومی کرکٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے موبائل فون کا پاس ورڈ فراہم کرنے سمیت دیگر امور میں تعاون کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔