اسکاٹ لینڈ کے ایک دور دراز جزیرے پر 34 سال بعد بچے کی پیدائش نے مقامی آبادی کو خوشی سے نہال کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے جزیرے ’نارتھ رونالڈسے‘ پر 15 ستمبر کو ایلس ٹریل فورڈ اور ان کے پارٹنر خورخے سواریز کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام ڈنکن وائلڈر تھورسٹین ٹریل سواریز فورڈ رکھا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جزیرے پر اس سے قبل آخری بچے تھامس بروک مین کی پیدائش اگست 1992 میں ہوئی تھی، یوں نئے بچے کی پیدائش 34 سال بعد ہوئی ہے۔حیرت انگیز طور پر نارتھ رونالڈسے میں نہ کوئی اسپتال ہے اور نہ ہی مستقل ڈاکٹر، جبکہ تقریباً 70 افراد پر مشتمل آبادی کے لیے صرف ایک مستقل نرس موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق جزیرے سے کسی بڑے طبی مرکز تک پہنچنے کے لیے ہوائی جہاز یا تقریباً 2 گھنٹے 40 منٹ کا سمندری سفر کرنا پڑتا ہے۔ایلس اور خورخے نے جزیرے پر بچے کی پیدائش کا فیصلہ کرنے کے بعد مقامی طبی حکام سے رابطہ کیا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی۔بالآخر دو دائیوں کو کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جزیرے پر پہنچایا گیا، جن کی موجودگی میں ایلس کے ہاں بچے کی بحفاظت پیدائش ہوئی۔نارتھ رونالڈسے میں طویل عرصے بعد بچے کی پیدائش کو مقامی افراد نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے جزیرے کے لیے ایک یادگار واقعہ قرار دیا۔