لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سالٹ رینج، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں آپریشن کئے گئے
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی شکار پر 57 افراد پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کئے۔لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سالٹ رینج، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ریجن میں آپریشنز کے دوران بٹیر اور فالکن کے 62 نٹنگ گیئرز ضبط کرلیے گئے۔ 57 شکاریوں کا چالان کیا گیا اور ساڑھے 11 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق بہاولپور ڈویڑن میں 25 گیئرز ضبط کرکے 12 شکاریوں کو 6 لاکھ 66 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اور درجنوں بٹیر آزاد کرائے گئے جبکہ ایک نیل گائے کا بچہ بھی ریسکیو کیا گیا۔لاہور ریجن میں 2 پارٹیوں پر 2 لاکھ 90 ہزار روپے، فیصل آباد میں مرغابی کے شکار پر ایک شخص کو 52 ہزار اور گجرات میں 4 شکاریوں کو 70 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔دیگر کارروائیوں میں ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 60 سے زائد گیئرز بر آمد ہوئے، نارووال میں ایک اڑدھا ریسکیو کر کے جنگل میں چھوڑا گیا جبکہ جہلم میں فالکن کے غیر قانونی شکار پر کارروائی کی گئی۔