سابق منگیتر نے زہر دے کر 30 سالہ لڑکی قتل کر دی

تنزیلہ محمود کا 5 ماہ قبل طاہر اکرم سے طے شدہ رشتہ ناچاقی کی وجہ سے ختم ہو گیا تھا
 مقتولہ کو کسی چیز میں زہر ملا کر قتل کیا ، سوشل میڈیا پر زہریلی گولیاں دکھا کر پوسٹ
سرگودھا (خصوصی رپورٹ) شادی کے لیے رضامند نہ ہونے والی 30 سالہ لڑکی کو اس کے سابق منگیتر نے مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ 88 شمالی کے علاقے میں پیش آیا۔ مقتولہ، تنزیلہ محمود، ایک لائن کمپنی میں ملازمت کرتی تھی۔ پانچ ماہ قبل اس کا طاہر اکرم نامی شخص سے طے شدہ رشتہ ناچاقی کی وجہ سے ختم ہو گیا تھا۔ذرائع کے مطابق ملزم نے مقتولہ کو ورغلایا اور کسی چیز میں زہر ملا کر اسے قتل کر دیا۔ بعد ازاں ملزم نے سوشل میڈیا پر مقتولہ کی بہن کو زہریلی گولیاں دکھاتے ہوئے کہا کہ "میرا کام ہو گیا، اب جا کر اس کی وارث بن جا ئو"۔تھانہ سٹی پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ زہر دے کر قتل کی گئی تنزیلہ محمود کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔