مریم نواز کا تاریخی اقدام، آئمہ مساجد کیلئے 10 ہزار وظیفہ، دنیا بھر میں خراجِ تحسین

لاہور(خصوصی رپورٹ)جاپان سمیت دنیا بھر کے مذہبی و سماجی حلقوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس تاریخی فیصلے کو سراہا ہے، جس کے تحت پنجاب کی 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کے لیے ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔اس حوالے سے اسلامک سینٹر تجوید القر آن جاپان کے چیئرمین قاری علی حسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے کئی پس ماندہ علاقوں میں انتہائی تعلیم یافتہ اور صاحبِ علم آئمہ کرام انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، ان میں سے اکثر کا وظیفہ یا تو چندے پر منحصر ہوتا ہے یا انہیں گندم و غلّے کی شکل میں معمولی اعانت دی جاتی ہے، جو ان کی مالی پسماندگی کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا یہ فیصلہ اگرچہ ان کے مسائل کا مکمل حل نہیں، مگر یہ آئمہ کرام کے لیے ایک بڑا سہارا اور قابلِ قدر سپورٹ ہے، جو ان کی خدمتِ دین کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔