انکم ٹیکس ریٹرن 2025 جمع کروانے کی آخری تاریخ صرف دو دن باقی رہ گئی ہے، مگر ایف بی آر کے آئی آر ایس سسٹم میں جاری تکنیکی خرابیوں اور دیگر مسائل کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کو مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اس ضمن میں وزیراعظم کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور ریٹرن جمع کروانے میں پیش آنے والی دشواریوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔ٹیکس دہندگان کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر میں غلط حسابات اور تاخیر کی وجہ سے ریٹرن جمع کروانا مشکل ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ، اے او پی نے شیئر انکم پر غلط ٹیکس لاگو کیا ہے اور غیر قانونی ٹیکس کی تقسیم کا مسئلہ بھی سامنے آیا ہے، جس سے ٹیکس دہندگان کو اضافی مشکلات کا سامنا ہے۔مزید برآں، انکم ٹیکس ریٹرن 2025 کی اشاعت میں 219 دن کی تاخیر ہوئی ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے ریٹرن فارم یکم دسمبر 2024 تک جاری ہونا تھا، لیکن یہ فارم 7 جولائی 2025 کو جاری کیا گیا، جس سے قانون کے مطابق مقررہ 92 دن کا وقت کم ہو گیا ہے۔ اس طرح، قانونی مدت کے 49 دن ضائع ہو چکے ہیں۔
لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ، باوجود سسٹم کی خرابیوں کے، ایف بی آر نے آخری تاریخ برقرار رکھی ہے، جس پر سخت تنقید کی گئی ہے۔ انہوں نے تجویز دی ہے کہ جمع کرانے کی تاریخ کو 30 نومبر تک بڑھایا جائے تاکہ ٹیکس دہندگان اپنی ریٹرنز بلاوجہ کی پریشانی کے بغیر جمع کرا سکیں۔ اگر تاریخ میں توسیع نہ کی گئی تو بڑی تعداد میں ٹیکس دہندگان ریٹرن جمع نہ کر سکیں گے، جس سے مالیاتی اور قانونی مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔