کتاب پر موجود نقشے میں بھارت کے علاقوں کو شامل نہیں کیا گیا:ترجمان بنگلہ دیش حکومت

 ڈھاکہ (آئی این پی )بنگلہ دیش کی حکومت نے بھارتی  میڈیا پر شائع ہونے والے ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے حالیہ ملاقات کے دوران پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو جو کتاب بطور تحفہ دی تھی اس کے سرورق پر موجود بنگلہ دیش کے نقشے میں انڈیا کے چند حصوں کو شامل کیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اپنے بیان میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے وضاحت کی ہے کہ ساحر شمشاد مرزا کو دی گئی کتاب کے سرورق پر موجود نقشہ گرافٹی انداز میں بنایا گیا ہے، اس لئے  کچھ لوگ یہ سمجھ سکتے ہیں کہ اس میں بنگلہ دیش کے اصل نقشے سے معمولی فرق ہے۔ لیکن یہ دعوی کہ اس میں انڈیا کے شمال مشرقی علاقے کو شامل کیا گیا ہے، بالکل جھوٹ اور بے بنیاد ہے