تمام افسروں کو اب سگنلز پر رکنا ہوگا،صرف آئی جی اور سی سی پی او لاہور کو ٹریفک سگنلز پر رعایت ملے گی
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں ٹریفک نظام کو مؤثر بنانے کے لیے پولیس افسران کے لیے خصوصی گرین سگنل پروٹوکول مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب آئی جی اور سی سی پی او لاہور کے علاوہ کسی پولیس افسر کو ٹریفک سگنلز پر رعایت نہیں ملے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک اور سی ٹی او اظہر وحید نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ شہر میں کسی بھی پولیس افسر کی آمدورفت پر ٹریفک نہ روکی جائے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز بھی دیگر شہریوں کی طرح سگنلز پر انتظار کریں گے اور غیر ضروری پروٹوکول ہرگز فراہم نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ احکامات تمام سرکل افسران تک پہنچا دیے گئے ہیں تاکہ مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق صرف آئی جی پنجاب اور سی سی پی او کی سکیورٹی موومنٹ کے دوران محدود روٹ فراہم کیا جائے گا۔