آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب، پاکستان کو 2ارب ڈالر ملیں گے گرین سگنل مل گیا

آئی ایم ایف وفد  کی  وزیر خزانہ کو معاشی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی ،زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کیلئے قانون سازی پر اطمینان کا اظہار 
پاکستان کی آئی ایم ایف کو 2 ارب ڈالر قرض کی درخواست‘ایک  ارب ڈالر قرض قسط اور ایک ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں ملیں گے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی حکام اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسلام آباد میں جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور اس کے تحت پاکستان کو دو ارب ڈالر ملیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور اب دو ارب ڈالر ملیں گے۔انہوں نے بتایا کہ معاشی اور اقتصادی بحالی پر آئی ایم ایف مطمئن ہے اور حکومت کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر قسط اور ایک ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ  کی مد میں ملیں گے۔پاکستان نے آئی ایم ایف کو 2 ارب ڈالر قرض کے لئے درخواست دے دی۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق  وفد نے درخواست منظوری کیلئے ایگزیکٹو بورڈ میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ  کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے آئی ایم ایف گراؤنڈ ورکنگ کو مانیٹر کرے گا اقتصادی جائزہ مذاکرات کے بعد ایگزیکٹو بورڈ سے قرض منظوری اپریل، مئی میں متوقع ہے ‘دریں اثناء آئی ایم ایف وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو معاشی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی جبکہ   زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کیلئے قانون سازی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے ۔