800 سے زائد کنٹینرز پر 7کروڑ اخراجات، 15 کروڑ کے شیل استعمال
کنٹینرز کا اب بھی کرایہ ادا کیا جارہا ،بندوقوں ،ربڑ کی گولیوں پر 11کروڑ خرچ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے صرف اسلام آباد پولیس کے 33 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا 3 یوم کااحتجاج پولیس کو 33 کروڑ 28 لاکھ روپے میں پڑا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو 24 مختلف مقامات سے سیل کرنے کیلئے 800 سے زائد کنٹینرز لگائے گئے۔اسلام آباد پولیس کے کنٹینرز کی مد میں7 کروڑ 28 لاکھ خرچ ہوئے۔ کنٹینرز کو لگائے ہوئے سات روز ہوگئے جبکہ تاحال ان کنٹینرز کے اخراجات پولیس کے ذمے بڑھتے جا رہے ہیں۔گزشتہ 7 دنوں میں 7 کروڑ28 لاکھ روپے کے اخراجات بن چکے ہیں۔ احتجاج کے لیے پولیس نے 35 ہزار آنسوگیس کے شیلز کا بندوبست کیا تھا۔ اسلام آبادپولیس نے 3 یوم میں 15 کروڑ کے شیل استعمال کیے۔اسی طرح ربڑ کی گولیوں اور 2500 بندوقوں کی مد میں 11 کروڑ روپے کے اخراجات آئے۔ ان اخراجات میں راولپنڈی کے انتظامات شامل نہیں ہیں۔