گورنر کو ہمدردی ہے تو پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں:عظمٰی بخاری

 آپ کو پنجاب پولیس کے شہدا ء اور زخمیوں کی پروا نہیں لیکن پی ٹی آئی کے شرپسندوں کی فکر لاحق ہے
حکومت اور انتظامی معاملات کیسے چلانے ہیں یہ جاننے کیلئے ہمیں آپ کے مشوروں کی ضرورت نہیں

لاہور(آن لائن)پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا  گورنر پنجاب  اپنے آئینی کردار کی حدود میں رہیں۔ آپ کو پنجاب پولیس کے شہدا اور زخمیوں کی پروا نہیں لیکن پی ٹی آئی کے شرپسندوں کی فکر لاحق ہے۔گورنر پنجاب کے بیان پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے عظمٰی بخاری نے کہا  تحریک انصاف کی قیادت خود اپنی ہی پارٹی کے پنجاب کے لوگوں پر بندے نہ نکالنے پر برہم ہو رہی ہے۔ آپ کو تحریک انصاف سے اتنی ہی ہمدردی ہے تو گورنرشپ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلیں۔پنجاب سے لوگ تحریک انصاف کے نہیں نکلے اور پریشانی گورنر پنجاب کو ہے۔عظمٰی بخاری نے کہا  میں گورنر پنجاب کو میڈیا میں زندہ رہنے کے لیے بھونڈے طریقے اختیار کرنے سے پرہیز کا مشورہ ہی دے سکتی ہوں۔ایک طرف گورنر پنجاب کہہ رہے بندے کیوں پہنچے ہیں اور دوسری طرف کہہ رہے ہیں کنٹینر کیوں لگائے ہیں؟ حکومت کیسے کرنی ہے اور انتظامی معاملات کیسے چلانے ہیں یہ جاننے کے لیے ہمیں آپ کے مشوروں کی ضرورت نہیں۔