پنجابی ثقافت دونوں ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی: وزیراطلاعات پنجاب
پنجاب کے کھانے اور ثقافت دنیا بھر میں مشہور ہیں: ارجنٹائن کے سفیر کی ملاقات میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے ارجنٹائن کے سفیر سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور ثقافتی سرگرمیوں کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کہا پنجاب اور ارجنٹائن ثقافتی تعاون کے ذریعے ایک دوسرے کے مزید قریب آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت اپنی منفرد پہچان رکھتی ہے اور کلچر ایک ایسا شعبہ ہے جو سرحدوں کی قید سے آزاد ہے۔ دونوں ممالک کئی شعبوں، خاص طور پر ثقافت، کے میدان میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ارجنٹائن کے سفیر نے پنجاب کے کلچر اور روایتی کھانوں کی خوب تعریف کی اور کہا کہ پنجابی ثقافت دنیا بھر میں اپنی شہرت رکھتی ہے۔ملاقات میں پنجاب اور ارجنٹائن کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی، پارلیمانی سیکریٹری شازیہ احمد، اور الحمرا آرٹس کونسل کے چیئرمین رضی احمد بھی شریک تھے۔