لاعلاج بیماری میںمبتلا افراد کو زندگی ختم کرنے کے حق کا بل 305ووٹوں سے منظور، 199 نے مخالفت کی
پیرس(آئی این پی ): فرانس کی پارلیمنٹ نے ایک متنازعہ لیکن تاریخی حق موت کے بل کو ابتدائی منظوری دے دی ۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق اس قانون کے تحت وہ افراد جو شدید لاعلاج بیماری میں مبتلا ہیں اور ناقابل برداشت تکلیف کا سامنا کر رہے ہیں، وہ قانونی طور پر طبی مدد سے اپنی زندگی ختم کرنے کی درخواست دے سکیں گے۔فرانسیسی نیشنل اسمبلی میں یہ بل 305ووٹوں سے منظور ہوا جبکہ 199ارکان نے مخالفت کی۔ صدر ایمانویل میکرون نے اس پیش رفت کو بھائی چارے کی راہ میں اہم قدم قرار دیا ہے۔ تاہم قدامت پسند جماعتوں کی جانب سے سخت مخالفت جاری ہے۔قانون کے مطابق ایسے مریض جو 18سال سے زائد عمر کے ہوں، فرانس کے شہری یا مستقل رہائشی ہوں اور ناقابل برداشت اور لاعلاج بیماری کے آخری مرحلے میں ہوں، وہ درخواست دے سکیں گے۔