28مئی کو جوہری دھماکوں کے ذریعے یہ ثابت کیا ہم اپنی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،ملک محمد احمد خان
لاہور(سپیشل رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا باب قرار دیا ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر وہ دن ہے جب پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہماری خودمختاری ناقابلِ تسخیر ہے۔ یہ محض ایک دن نہیں، قومی غیرت، استقلال اور دفاعِ وطن کے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔سپیکر نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے جوہری دھماکوں کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ ہم اپنی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ان تاریخی لمحات کے پیچھے نواز شریف کی جرات،سائنسدانوں کی شبانہ روز محنت اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت جیسے عناصر شامل تھے، جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو محفوظ، فعال اور ناقابلِ تسخیر بنانے میں مسلح افواج کا کردار قابلِ فخر ہے۔