پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک دفاعی صلاحیت،یومِ تکبیریاد دلاتا ہے جب قوم متحد ہو توہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یوم تکبیر قوم کے عزم، استقلال اور دفاع وطن کے ناقابلِ تسخیر جذبے کا مظہر ہے۔28مئی یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے اپنی سلامتی کے تحفظ کیلئے جرات مندانہ فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت بن کر امتِ مسلمہ کا پہلا ایٹمی ملک بن گیا، 28مئی 1998پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔یہ دن ہمیں ان عظیم رہنمائوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی، اس تاریخی سفرکا آغاز بانی ایٹمی پروگرام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تکبیرہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک دفاعی صلاحیت ہے۔