پنجاب میں اقلیتی برادریوں کے مسائل کے حل کے لیے مینارٹی ایڈوائزری کونسل کا قیام

پنجاب میں اقلیتی برادریوں کے مسائل کے حل کے لیے مینارٹی ایڈوائزری کونسل کا قیام

پنجاب حکومت نے اقلیتی برادریوں کے مسائل حل کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مینارٹی ایڈوائزری کونسل کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

 اس کونسل کا مقصد اقلیتی برادریوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کے حل میں معاونت فراہم کرنا ہے۔کونسل کے چیئرمین صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ ہوں گے، جبکہ سینئر سیاسی رہنما کامران بھٹی کو نائب چیئرمین اور عاقب عالم کو کنوینر نامزد کیا گیا ہے۔ یہ کونسل 38 ارکان پر مشتمل ہوگی، جس میں سکھ، مسلم، ہندو اور خواتین ممبران کی نمائندگی کی جائے گی۔ کونسل کی مدت تین سال ہوگی، تاہم حکومت کو اس کے قبل از وقت تحلیل کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔کونسل کے تمام ارکان بشمول چیئرمین، نائب چیئرمین اور کنوینر بلا معاوضہ کام کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی رکن، بشمول چیئرمین، نائب چیئرمین یا کنوینر کو معطل یا برطرف کر سکیں۔کونسل کا کردار حکومت کو اقلیتی برادریوں کے مسائل حل کرنے، ان کے حقوق کے تحفظ، اور ترقیاتی منصوبوں کی تجاویز فراہم کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہوگا۔ اس حوالے سے وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ اقلیتی برادریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جائے اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔