بدین کے علاقے گولارچی میں ایک فون کال کے تنازع پر دو برادریوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاکھرو اور چانڈیو برادریوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں ڈنڈوں اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔تمام زخمیوں کا تعلق جاکھرو برادری سے بتایا جاتا ہے جنہیں فوری طور پر تعلقہ اسپتال گولارچی منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق جھگڑے کی ابتدائی وجہ ایک فون کال بتائی جا رہی ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ دوبارہ تصادم سے نمٹنے کے لیے کورواہ کڑیو گھنور سمیت مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ گولارچی میں فاضل راہو چوک سے تعلقہ اسپتال تک سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔