سونا مزید مہنگا؛ نئی بلند ترین قیمت پر پہنچ گیا

سونا مزید مہنگا؛ نئی بلند ترین قیمت پر پہنچ گیا

کراچی:سونا مزید مہنگا، قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

عالمی مارکیٹ میں سونا مزید مہنگا ہو گیا، جس کے باعث قیمت نے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔ امریکی اقدامات، یورپ اور مغربی ممالک میں تجارتی جنگ کا ماحول، روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ، اور عالمی کرنسیوں کی قدر میں کمی کے خطرات کے پیش نظر سونے کی ڈیمانڈ بدستور برقرار ہے، جس کے سبب عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا۔آج ہفتے کے روز عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں مزید 10 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس سے اس کی عالمی قیمت 3084 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 24 قیراط کے سونے کی فی تولہ قیمت میں 1620 روپے کا اضافہ ہو کر 3 لاکھ 25 ہزار روپے ہوگئی، جو کہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قیمت ہے۔ اسی طرح، فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1389 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 78 ہزار 635 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔دوسری جانب، چاندی کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی، جس کے تحت فی تولہ چاندی کی قیمت میں 30 روپے کی کمی کے بعد 3580 روپے کی سطح پر آگئی۔ اسی طرح، فی 10 گرام چاندی کی قیمت 27 روپے کی کمی سے 3069 روپے تک پہنچ گئی۔