پی ایس ایل 12: مارک چیپمین اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ برقرار رہیں گے

پی ایس ایل 12: مارک چیپمین اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ برقرار رہیں گے

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تین مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے آئندہ سیزن کے لیے نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر مارک چیپمین کو 7 کروڑ روپے میں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

فرنچائز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں گزشتہ سیزن کے دوران مارک چیپمین کی شاندار بیٹنگ کارکردگی کو دکھایا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے بیٹر پی ایس ایل 12 میں 18 مارچ سے 2 مئی تک شیڈول تمام میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔مارک چیپمین نے گزشتہ ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 11 اننگز میں 245 رنز اسکور کیے تھے۔ اس دوران ان کا بیٹنگ ایوریج 49 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 170 سے زائد رہا، جس کی بدولت انہوں نے ٹیم کو کوالیفائرز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے رواں ہفتے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کو بھی 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں براہِ راست سائن کیا تھا۔میٹ ہینری نیوزی لینڈ کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 383 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔