بجٹ میں ٹیکس محصولات کا ہدف 15 ہزار 270 ارب روپے مقرر

گزشتہ  سال  ایف بی آر کی ٹیکس محصولات 9 ہزار 311 ارب روپے رہیں ‘ آئندہ سال کیلئے براہ راست ٹیکس وصولی کا تخمینہ 6 ہزار 570 ارب روپے ہے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نئے مالی سال 2025-26 کے لیے بجٹ سازی کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا جس میں بجٹ اہداف کا تعین جاری ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں بڑے اضافے کا تخمینہ لگاتے ہوئے نئے مالی سال میں ٹیکس محصولات کا ہدف 15 ہزار 270 ارب روپے مقرر کیا ہے۔رواں مالی سال کے مقابلے میں نئے مالی سال کے لیے 2 ہزار 300 ارب روپے اضافے کا تخمینہ ہے۔گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر کی ٹیکس محصولات 9 ہزار 311 ارب روپے رہیں تاہم آئندہ مالی سال کے لیے براہ راست ٹیکس وصولی کا تخمینہ 6 ہزار 570 ارب روپے ہے۔رواں مالی سال کے لیے براہ راست ٹیکس وصولی کا ہدف 5 ہزار 512 ارب روپے مقرر ہے۔