ہالا کے علاقے سیکھاٹ کے مقام پر قومی شاہراہ پر راشد محمود سومرو کے قافلے میں شامل ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب قافلہ بھٹ شاہ سے کراچی کی جانب رواں دواں تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تیز رفتاری یا دیگر وجوہات کے باعث رضاکاروں کی گاڑی الٹ گئی۔حادثے میں راشد محمود سومرو محفوظ رہے، جبکہ ان کے گارڈ علی اکبر شدید زخمی ہوئے۔ زخمی گارڈ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا، جبکہ دوسرے زخمی کو بھی طبی امداد فراہم کی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔حادثے کے بعد راشد محمود سومرو نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ خیریت سے ہیں اور حادثہ ان کی گاڑی کو نہیں بلکہ قافلے میں شامل رضاکاروں کی گاڑی کو پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔