موبائل فون کا کاروبار کرنے والے علی جمیل اپنی بیوی اور دو بچیوں کے ہمراہ کوئٹہ کی سیر کیلئے آئے تھے
کراچی(آئی این پی )کراچی سے اپنے خاندان کے ہمراہ کوئٹہ کی سیر کر کے واپس جانے والا نوجوان مستونگ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کی بھینٹ چڑھ گیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق فائرنگ سے نوجوان کی بیوی شدید زخمی ہوگئی جبکہ دونوں کمسن بیٹیاں محفوظ رہیں۔مقتول تاجر علی جمیل کی نمازِ جنازہ طارق روڈ کی رحمانیہ مسجد میں ادا کی گئی ۔کراچی موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس کے مطابق کراچی میں موبائل فون کا کاروبار کرنے والے علی جمیل اپنی بیوی اور دو بچیوں کے ہمراہ کوئٹہ کی سیر کیلئے آئے تھے۔وہ کوئٹہ کے مختلف مقامات پر سیر و تفریح کے بعد جمعہ وہفتہ کی درمیانی شب کراچی واپس جارہے تھے تو رات کو راستہ بھول جانے کے باعث قومی شاہراہ سے ہٹ کر دشت کے علاقے کھنڈ پہنچ گئے جہاں دہشت گردوں نے گاڑی روکنے کا اشارہ کیا تاہم نہ رکنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں علی جمیل موقع پر ہی ہلاک جبکہ ان کی بیوی عائشہ شدید زخمی ہوگئی۔واقعے میں گاڑی میں سوار ان کی دونوں بچیاں محفوظ رہیں، زخمی خاتون کو کوئٹہ میں صوبائی سنڈیمن ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔