جب تک لبنان جنگ میں ہے، مشرق وسطی میں امن ممکن نہیں، واشنگٹن کے ثالثی کے کردار کو بھی سراہا
برسلز،پیرس (آئی ین پی )یورپی یونین اورفرانس نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانیوالے فریم ورک معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشرق وسطی میں تنازعات سے نکلنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ یہ کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ جب تک لبنان جنگ میں ہے، مشرق وسطی میں امن ممکن نہیں ہے۔انھوں نے واشنگٹن کے ثالثی کے کردار کو بھی سراہا۔ ڈیر لیین نے زور دیا کہ اگلے اہم اقدامات غیر ریاستی گروہوں کو غیر مسلح کرنا اور لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ ہے۔یورپی کمیشن کے صدر نے مزید کہا کہ یورپی یونین خطے میں استحکام کے لیے اس راستے کی حمایت کرنے کے لئے تیار ہے اور پناہ گزینوں کی مدد کے لیے 100 ملین یورو مختص کیے جانے کے ساتھ درکار انسانی امداد بھی فراہم کرتا رہے گا