مالٹا ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریگا،وزیراعظم رابرٹ ابیلا،کینیڈین کابینہ کے اجلاس میں فلسطین کی ممکنہ ریاستی حیثیت پرغورکیاجائے گا،وزیراعظم مارک کارنی
ویلیٹا؍ اوٹاوا(مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس کے بعد ایک اور یورپی ملک نے فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرلیاجبکہ کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کوتسلیم کرنے پرسنجیدگی سے غور کررہا ہے۔یورپی ملک مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے گذشتہ روز سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔اْنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مالٹا ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے گا۔رابرٹ ابیلا نے یہ بھی لکھا کہ ہمارا یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔مالٹا کے وزیراعظم نے یہ اعلان برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے مشروط اعلان کے چند گھنٹے بعد کیا۔کینیڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ اعظم مارک کارنی مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر کابینہ کا ورچوئل اجلاس بلائیں گے جس میں فلسطین کی ممکنہ ریاستی حیثیت پر غور کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر سے مارک کارنی کی حالیہ گفتگو کے بعد اس حوالے سے سنجیدگی بڑھی ہے۔