پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں:قطری وزیرداخلہ

 قطر کے ساتھ سکیورٹی و مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک کو مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہیں: محسن نقوی کی قطری ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو
دوحہ(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطری ہم منصب و کمانڈر داخلی سلامتی فورس (لخویا) شیخ خلفیہ بن حمد بن خلفیہ الثانی سے اہم ملاقات کی جس میں سکیورٹی سے متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی پارٹنر شپ بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام پر بھی گفتگو کی، وزارت داخلہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات میں داخلی سکیورٹی سے متعلق باہمی تعاون اور شراکت داری کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا  قطر کے ساتھ سکیورٹی و مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک کو مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے قطری ہم منصب سے ان کے والد سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلفیہ الثانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔قطری وزیر داخلہ شیخ خلفیہ بن حمد بن خلفیہ الثانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور دوطرفہ اشتراک مضبوط بنانے کے مل کر کام کرتے رہیں گے۔