پولیس اہلکار غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث

تھانہ شفیق آباد کے اے ایس آئی عظیم شاہد نے رکشہ ڈرائیور سے رشوت وصول کی اور اسے چھوڑ دیا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر) تھانہ شفیق آباد پولیس کے بعض اہلکاروں کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کا سلسلہ تھم نہ سکاایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کی نوکری سے برخاستگی اور ان کے خلاف مقدمات کے باوجود پولیس اہلکاروں کی روش میں کوئی واضح تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔ذرائع کے مطابق تھانہ شفیق آباد کے اے ایس آئی عظیم شاہد نے دورانِ پٹرولنگ رکشہ ڈرائیور عثمان علی کو روکارکشہ کی تلاشی کے دوران اس سے سی پی یو اور مانیٹر کے تین توڑے برآمد کیے گئے تاہم اے ایس آئی عظیم شاہد نے قانونی کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر رکشہ ڈرائیور سے رشوت وصول کی اور اسے چھوڑ دیاواقعے کی اطلاع اعلیٰ افسران تک پہنچنے پر معاملے کا نوٹس لیا گیا جس کے بعد انکوائری عمل میں لائی گئی انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر اے ایس آئی عظیم شاہد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔