چلی،ارجنٹینا،سری لنکا،بنگلا دیش اور نیپال کو کوچز اور ویگن ایکسپورٹ کریں گے
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے دسمبر میں 10 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی ، ریلوے ویگنز اور کوچز 5 ممالک کو ایکسپورٹ کرے گا۔ایک انٹرویو میں حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے نے دسمبر میں 10 ارب روپے کی آمدن حاصل کی جو ایک ریکارڈ ہے، ریکارڈ آمدن حاصل کرنے کیلئے ہم نے مسافروں کو سہولت فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ مال گاڑیوں میں ہم نے شراکت داروں کو شامل کیا، کنٹینر، کوئلہ یا فاسفیٹ کی مال گاڑیوں کے ذریعے سپلائی کی جا رہی ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے ویگنز اورکوچز 5 ممالک کو ایکسپورٹ کرنے جا رہی ہے، ہم چلی، ارجنٹینا، سری لنکا، بنگلا دیش اور نیپال کو ریلوے کی کوچز اور ویگن ایکسپورٹ کرنے جا رہے ہیں، اس ہفتے ان 5 ممالک کے سفیروں کو وزارت میں پریزنٹیشن دی جائے گی۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ہم اپنی کوالٹی کے حوالے سے سفیروں کو آگاہ کریں گے اور باقی دنیا سے کم قیمت پر کوچز اور ویگنز ان ممالک کو فراہم کریں گے۔