بلاول بھٹو زرداری ٹرمپ کے خصوصی ناشتے میں شرکت کے لیے امریکا روانہ

بلاول بھٹو زرداری ٹرمپ کے خصوصی ناشتے میں شرکت کے لیے امریکا روانہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے غیر ملکی دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کراچی ایئرپورٹ سے دبئی کے لیے روانہ ہوئے ہیں، جہاں وہ مختصر قیام کے بعد امریکا جائیں گے۔امریکا میں بلاول بھٹو زرداری کی متعدد اہم ملاقاتیں ہوں گی، اور وہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ناشتے میں بھی شرکت کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ان کی ذاتی سیکیورٹی ٹیم بھی موجود ہے تاکہ ان کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔بلاول بھٹو زرداری کی پرواز EK601 کے ذریعے دبئی روانہ ہوئی، اور اس کے بعد وہ امریکا جائیں گے، جہاں ان کی مختلف ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان کے دورے کے دوران وہ پاکستان اور امریکا کے درمیان روابط، اقتصادی تعاون اور دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے۔

 بلاول بھٹو زرداری کا دورہ امریکا پاکستان پیپلز پارٹی کی عالمی سطح پر موجودگی کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا امریکا روانہ ہونے کا شیڈول گزشتہ روز کچھ اہم مصروفیات کے باعث تبدیل کیا گیا تھا۔ ابتدا میں دبئی جانے کا پروگرام اچانک ملتوی ہوگیا تھا، اور بلاول کراچی ایئرپورٹ سے واپس بلاول ہاؤس چلے گئے تھے۔ بعد میں ان کی روانگی کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی اور بلاول اب اپنے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔اس دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری کی مختلف ملاقاتوں میں پاکستانی حکومتی امور، عالمی تعلقات، اور دیگر اہم مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔