پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم کورٹ میں 12 ججز کی تعیناتی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، تاکہ عدالتوں میں اپنی پسند کے افراد کو مقرر کیا جا سکے۔
ان کے مطابق، اس اقدام کا مقصد پی ٹی آئی اور عمران خان کو انصاف کی فراہمی سے محروم رکھنا ہے۔شبلی فراز نے مزید کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے کو ایک خاص ایجنڈے کے تحت دی جانے والی سزا قرار دیا۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، شبلی فراز نے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن تشکیل پاتا تو سچ سامنے آجاتا اور حکومت ایک دن بھی نہ چل سکتی، اسی لیے حکومت کمیشن بنانے میں تاخیر کر رہی ہے۔اپیکا ایکٹ میں ترمیم پر تبصرہ کرتے ہوئے، شبلی فراز نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا کیونکہ یہ ایکٹ سچ کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔