پاکستان میں 25 سے 30 ایئرپورٹس غیر فعال ہیں،حکومت

 آنے والے دنوں میں چترال اور شمالی علاقہ جات میں فلائٹس شروع کی جائیں گی
رواں سال ہائوسنگ شعبے میں کارکردگی نظر آئیگی،سینیٹ میں وقفہ سوالات 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران حکومت نے بتایا کہ پاکستان میں 25 سے 30 ایئرپورٹس غیر فعال ہیں،رواں سال ہائوسنگ میں کارکردگی نظر آئیگی۔وفاقی وزیر ہاوٓسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ وزیراعظم خود ہاوٓسنگ اینڈ ورکس سیکٹر کو لیڈ کررہے ہیں، ہمارے کچھ پراجیکٹس پر کام جاری ہے، رواں سال کے آخر تک ہائوسنگ میں آپ کو کارکردگی نظر آئے گی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آنے والے دنوں میں چترال اور شمالی علاقہ جات میں فلائٹس شروع کی جائیں گی، پی آئی اے کے روٹس کھل رہے ہیں، برطانوی ٹیم آئی ہوئی ہے وہ روٹ بھی کھل جائے گا، پی آئی اے کی نجکاری کی ایک کوشش ناکام ہوچکی ہے دوسری کی جارہی ہے، ابھی ان معاملات کو بہتر کرنے کے لیے کچھ وقت چاہیے۔وزیر دفاع نے کہا کہ چترال کے لئے پروازیں جلد بحال کر دی جائیں گی،پاکستان میں 25 سے 30 ایئرپورٹس ایسے ہیں جو غیر فعال ہیں، جہاں یا تو فلائٹس نہیں جا رہیں یا محدود سروس ہے۔حکومت کو اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وقت درکار ہے۔فیصل واوڈا نے ایف بی آر کے فیلڈ افسران کے لیے 1010 گاڑیاں پروکیور کرنے پر توجہ دلاوٓ نوٹس پر کہا کہ ایف بی آر کا سالانہ ہدف 384 ارب پورا نہیں ہوسکا، ان گاڑیوں کی پروکیورمنٹ میں شفافیت نہیں ، ابھی تک کسی اخبار میں کوئی اشتہار نہیں آیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے فیصل واوڈا کے توجہ دلاوٓ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیلڈ سٹاف کے لیے گاڑیاں ہیں، جو گریڈ 17 اور 18 کے لیے ہیں، ان گاڑیوں پر ٹریکر لگائے جائیں گے۔