پارلیمان طاقتور ہے تو ہم سب طاقتور ہیں، حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی‘اپوزیشن کو بھی اپنا آئینی اور پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہیے
اپوزیشن اہم پارلیمانی کمیٹیوں میں شرکت اور کم از کم انتخابی اصلاحات کمیٹی کیلئے ارکان کے نام نامزدکرے:چیئرمین پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی میں اظہارخیال
اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان کو فعال بنانے کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے اگر پارلیمان طاقتور ہے تو ہم سب طاقتور ہیں، حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی جبکہ اپوزیشن کو بھی اپنا آئینی و پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اہم پارلیمانی کمیٹیوں میں شرکت شروع کرے اور کم از کم انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے اپنے ارکان کے نام نامزد کرکے جمع کرائے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تقریروں میں صرف بیان بازی اور ایک دوسرے پر الزام تراشی ہو رہی ہے۔ جو عناصر چاہتے ہیں کہ پارلیمان غیر فعال رہے، ان کا مقصد پورا ہو چکا ہے اور اس مقصد کی تکمیل میں آپ کا بھی کردار ہے۔ اپوزیشن نے کمیٹیوں میں نہ بیٹھ کر پارلیمان کے کردار کو کمزور کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ پارلیمان فعال ہو تو بانی پی ٹی آئی کی جانب سے انہیں جو اتھارٹی حاصل ہے، اسے استعمال کریں اور اہم ترین کمیٹیوں میں بیٹھنا شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے نمائندے کمیٹیوں میں نہیں ہوں گے تو ان کمیٹیوں کا کیا فائدہ ہوگا؟انہوں نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے حوالے سے کہا کہ کم از کم اس کمیٹی کے لیے اپنے ارکان کے نام نامزد کرکے جمع کرائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر خزانہ، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ ایوان میں آکر بریفنگ دیں اور بتایا جائے کہ ملک کو کن خطرات کا سامنا ہے اور دہشت گردی سے متعلق مسائل کیا ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ اپنے پاس موجود پارلیمانی طاقت کو استعمال کرنا شروع کرے