بانی پی ٹی آئی 16 ٹی وی چینلز دیکھتے ہیں ، سپر نٹنڈ نٹ جیل

توشہ خانہ ٹو کیس دوسری عدالت منتقل کیا جائے : وکلا عمران خان 
 بانی پی ٹی آئی کی6 اور بشریٰ کی ایک مقدمہ میں عبوری ضمانت میں توسیع 
اسلام آباد راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ذاتی معالج ، اہلیہ سے ملاقات اور بیٹوں سے فون کال پر بات کرانے سے متعلق درخواست میں سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل کے بیانات کے بعددرخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی،سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی 16 ٹی وی چینلز دیکھتے ہیں اور انکو دو اخبارات دیئے گئے ہیں۔چیف جسٹس نے جیل سپرنٹنڈ نٹ سے استفسار کیاکہ یہ درخواست سہولیات سے متعلق ہے، آپ نے درخواست گزار کو کیا سہولیات دیں، جس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہاکہ کیٹیگری بی کے تحت تمام سہولیات دی جا رہی ہیں ، ٹی وی ، نیوز پیپر دیا جا رہا ہے، ایک باورچی بھی دیا گیا ،جیل میں ہفتے میں دو مرتبہ ملاقات کی اجازت ہے لیکن ہم تین چار مرتبہ بھی ملاقات کروا دیتے ہیں،ہم اوورسیز کالز اس لیے نہیں کروا سکتے ہمارے پاس 8 ہزار قیدی ہیں،اگر اجازت دی گئی تو دیگر قیدی اسکو عدالت میں چیلنج کر سکتے ہیں، ہمارے پاس غیر ممالک کے25 قیدی بھی موجود ہیں،سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل نے کہاکہ اڈیالہ جیل میں صحت کی سہولیات پاکستان میں سب سے بہترین ہیں، ڈاکٹر روزانہ کی بنیاد چیک اپ کرتے ہیں،عدالت نے ہدایات کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کی جیل سہولیات فراہم کرنے کی درخواست نمٹا دی۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر وکلاء￿  کی جانب سے عدالت پر اعتراض کے باعث سماعت ملتوی کردی۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کیس دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ یہ کیس پہلے سنیئر جج سن چکے ہیں ، میری استدعا ہے کہ عدالت کوئی نئی تاریخ نہ دے دوسری عدالت منتقل کر دیں ،عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیا گیا جبکہ نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ کے تھرڈ سیکرٹری محمد فہیم سمیت مزید ایک گواہ کے بیان پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے جرح مکمل کرلی، کیس کی سماعت پیر 3 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمہ میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔