سینیٹ کمیٹی کا اوگرا کو غیر قانونی ایل پی جی باؤزر دھماکوں پر طلب

سینیٹ کمیٹی کا اوگرا کو غیر قانونی ایل پی جی باؤزر دھماکوں پر طلب

اسلام آباد: ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی ایل پی جی باؤزر میں دھماکوں کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے سخت نوٹس لیا ہے۔

کمیٹی نے چیئرمین اوگرا کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے اس معاملے پر تفصیلی جواب بھی طلب کر لیا ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں میں 6 افراد ہلاک جبکہ 38 افراد زخمی ہوئے، جبکہ باؤزر پھٹنے سے گھروں اور متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔کمیٹی نے اوگرا سے غیر قانونی ایل پی جی باؤزر کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ یہ واقعے تین دنوں کے دوران مختلف شہروں میں پیش آئے، جن میں سب سے پہلے ملتان میں ایل پی جی باؤزر پھٹنے کا واقعہ ہوا اور اس کے بعد ڈیرہ غازی خان میں دوسرا دھماکا ہوا۔سینیٹ کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر فوری اور موثر کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے اور عوام کی زندگیوں کو خطرے سے بچایا جا سکے۔