پیکا ایکٹ ترمیمی بل کے خلاف لاہورپریس کلب کے باہر مظاہرہ

پیکا ایکٹ صحافیوں کا گلادبانے کے مترادف ہے‘ حکومت کا دہرامعیار نہیں چلنے دیں گے:ارشدانصاری
 صحافیوں کے خلاف یہ ایکٹ پاس کرتے ہوئے حکومت کو شرم آنی چاہیے:ملک احمد خان بچھر کا خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام پیکا ایکٹ ترمیمی بل کے خلاف لاہورپریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ احتجاجی مظاہرے میں سی پی این ای، ایمنڈ، پی بی اے، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ، اے پی این ایس،پی یوجے، لاہورپریس کلب ،پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی ، ایسوسی ایشن فوٹوجرنلسٹس آف لاہور، کیمرہ مین ایسوسی ایشن ،وکلاء￿ برادری ، پاکستان تحریک انصاف ، جماعت اسلامی پاکستان ، پاکستان کسان اتحاد ، ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن ، انقلابی پارٹی ، پنجاب ٹیچرزایسوسی ایشن ، حقوق خلق پارٹی ، پنجاب پروفیسر زایسوسی ایشن ، میڈیا ورکرز ایسوسی ایشن ، نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ، تاجر برادری ، جمعیت علماء اسلام ،ملی مسلم لیگ، پرائیویٹ نرسنگ کالج ایسوسی ایشن سمیت سیاسی سماجی تنظیموں اور ان کے نمائندوں اور صحافیوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں احتجاجی پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے اور بازوئوں پر کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ولاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے پیکا ایکٹ کو آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کے خلاف کالاقانون قراردیتے ہوئے یکسرمستردکرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ایک ایسا قانون پاس کیاہے جس کی مثال ماضی کے مارشل لاء کے ادوار میں بھی نہیں ملتی ،پیکا ایکٹ صحافیوں کا گلادبانے کے مترادف ہے ہم حکومت کا دہرامعیار نہیں چلنے دیں گے۔ انھوں نے پیکا ایکٹ کے خلاف ہرفورم پر احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ حکومت یہ نہ سمجھے کہ ہم آج احتجاج کرکے اپنے گھروں یا دفترں میں جابیٹھے گے بلکہ ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی ، جلسے جلوس منعقد کئے جائیں گے ، اسمبلیوں کا بائیکاٹ کیا جائے گااور پیکا ایکٹ کی منسوخی تک صحافی برادری چین سے نہیں بیٹھے گی۔ ۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک محمد احمد خان بچھڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا صحافیوں کے خلاف یہ ایکٹ پاس کرتے ہوئے حکومت کو شرم آنی چاہیے، اس ایکٹ کے بعد ایک نئی شق ہے جس کے تحت سوشل میڈیا پروڈکشن اینڈ ریگولیٹ کی اتھارٹی قائم ہوگی، اس حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کے خلاف قانون پاس کروائے ، پی ٹی آئی کی تمام قیادت اس پیکا ایکٹ کے خلاف ہے۔ جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ہمیشہ حکومت کے غیر انسانی وغیرقانونی قوانین کے خلاف جدوجہد کی ہے اور ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور پیکاایکٹ کے کالے قانون کو یکسر مسترد کرتے ہیں