کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی،ملک میں آج رات سے مغربی ہوائیں داخل ہونے کا امکان :محکمہ موسمیات
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک میں آج رات سے مغربی ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے مغربی ہوا ئوں کے زیرِ اثر علاقوں میں کل 30 دسمبر سے 2 جنوری تک تیز ہوا ئوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جڑواں شہروں سمیت کل سے 2 جنوری کے دوران مری اورگلیات میں وقفے وقفے سے تیز ہوا ئوں ، گرج چمک کے ساتھ بارش ، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔31 دسمبر اور یکم جنوری کو اسلام آباد/راولپنڈی ، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، فیصل آباد ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گجرات ،میانوالی، سرگودھا ، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور ، جھنگ اور ساہیوال میں چند مقامات پر تیز ہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دریں اثنا گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک ، شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا، کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 9، سکردو منفی 6،گوپس منفی 5 ، گلگت منفی 4،قلات ،دیراور استور میں منفی 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔