شدید برفباری کی صورت میں بعض سڑکوں کی بندش کا خدشہ :محکمہ موسمیات
لاہور (خصوصی رپورٹ)ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 14 نومبر کے دوران بارشوں ، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوا ئوں کے نئے سلسلے کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ ، ایبٹ آباد،پشاور، مردان و دیگر علاقوں آج سے 14 نومبر تک تیز ہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اسی عرصہ کید وران بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں آج رات تیز ہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال ، سرگودھا ،ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں 12 اور 13 نومبر کے دوران بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں ، شدید برفباری کی صورت میں بعض سڑکوں کی بندش کا بھی خدشہ ہے۔مزید بر آں بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا امکان ہے جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔