اسلام آباد (آن لائن) جنوری 2026 کے پہلے ہفتے میں اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری، ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے یا نہ کرنے اور بعض ججز کی منتقلی سے متعلق اہم فیصلوں کے لیے نیشنل جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے 9 ایڈیشنل ججز کی ایک سالہ مدت مکمل ہونے سے قبل ہی جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ان ایڈیشنل ججز نے 10 فروری 2025 کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا، جبکہ ان کی ایک سالہ مدت 10 فروری 2026 کو مکمل ہونا ہے، تاہم ان ججز کو مستقل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ مدت مکمل ہونے سے پہلے ہی کیا جائے گا۔اس سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے 9 ایڈیشنل ججز کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹس نیشنل جوڈیشل کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ جوڈیشل کمیشن نے اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ کو خط لکھ کر ایڈیشنل ججز کی جانب سے کیے گئے فیصلوں، خصوصاً اہم عدالتی نظائر سے متعلق رپورٹس طلب کی تھیں۔