شیلین ووڈلی کو ’اسپائیڈر مین‘ میں میری جین کا کردار ملنے کے باوجود فلم سے کیوں نکال دیا گیا؟

شیلین ووڈلی کو ’اسپائیڈر مین‘ میں میری جین کا کردار ملنے کے باوجود فلم سے کیوں نکال دیا گیا؟

ہالی ووڈ اداکارہ شیلین ووڈلی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2014 کی فلم ’دی امیزنگ اسپائیڈر مین 2‘ میں میری جین واٹسن کا کردار ادا کیا تھا، مگر ان کے تمام مناظر فلم کی ریلیز سے قبل حذف کر دیے گئے تھے۔

 اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسپائیڈر مین ان کا پسندیدہ سپر ہیرو ہے اور میری جین کا کردار بچپن سے انہیں بہت پسند تھا، اس لیے اس کردار کے لیے منتخب ہونے پر وہ بہت خوش تھیں۔شیلین ووڈلی کے مطابق انہوں نے اینڈریو گارفیلڈ کے ساتھ تقریباً تین مناظر بھی فلمائے، مگر تقریباً ایک سال بعد انہیں اطلاع دی گئی کہ وہ اب اس فلم کا حصہ نہیں رہیں گی۔ اداکارہ نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ فلم ساز پہلے ہی کئی نئے کردار متعارف کرا رہے تھے، اور وہ چاہتے تھے کہ پہلے ایما اسٹون کے کردار گوین اسٹیسی اور اینڈریو گارفیلڈ کے پیٹر پارکر کی کہانی کو دکھایا جائے۔ بعد میں، ان کا یہ منصوبہ بھی مکمل نہیں ہوا کیونکہ اینڈریو گارفیلڈ کی اسپائیڈر مین سیریز کی تیسری فلم بن نہیں سکی، جس کے باعث شیلین ووڈلی کو میری جین کے کردار میں دوبارہ متعارف کرانے کا ارادہ بھی ختم ہو گیا۔اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے شیلین ووڈلی نے ہنسی مذاق میں کہا کہ شاید حقیقت کچھ اور بھی ہو سکتی ہے، اور ہو سکتا ہے کہ ان کی اداکاری اتنی خراب رہی ہو کہ فلم سازوں نے انہیں فلم سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہو۔