لینڈ سلائیڈنگ سے بننے والی بڑی جھیل ٹوٹنے سے نئے سیلاب کا خطرہ، وارننگ
کٹھمنڈو (آئی این پی )نیپال کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاری کے باعث اب تک 538 مرنے والے افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق نیپال میں حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈ کے بعد امدادی اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں تاہم ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ادارے نے لاپتہ افراد کی تعداد سے متعلق اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ 977 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن میں 517 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔اس سے قبل نیپال پولیس نے کہا تھا کہ بدھ کے روز آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 489 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔دونوں ادارے ریسکیو آپریشن کے بارے میں الگ الگ اپ ڈیٹس جاری کر رہے ہیں کیونکہ امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ دوسری جانب نیپال میں جمعہ کے روز ایک نئی سیلابی وارننگ جاری کردی گئی ۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک 26 اگست کے تباہ کن سیلاب سے ابھی تک سنبھلا نہیں ہے۔