وزیرآباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی، وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی سے متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی سی آفس وزیرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمیں بخوبی احساس ہے کہ لوگ مشکل میں ہیں، جہاں جہاں ریسکیو کی ضرورت پیش آئی ہے وہاں انتظامیہ اور ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں یہ تسلیم کیا جاتا ہے کہ پاکستان کے عوام کسی بھی آفت یا مصیبت کے وقت یکجا ہو جاتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حالیہ سیلابی صورتحال میں پاک فوج سمیت تمام اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا، جبکہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے نارووال کا بھی دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ وزیرآباد کو شاباش بھی دی۔عطاء تارڑ نے کہا کہ سکندر پورہ میں ایک بچے کی وفات پر دلی افسوس ہے، یہ قدرتی آفات اس بار اس لیے زیادہ شدید ثابت ہوئیں کیونکہ پہلی بار بارش کے تین چار سسٹم ایک ساتھ آئے۔