ایچ آئی و ی کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 84 ہزار: وزیر صحت

61 ہزار کا علاج جاری ،باقی لاپتہ، 65 ملین میں سے3.9 ملین ڈالر ملے:مصطفی کمال 
 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں ایچ آئی وی کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 84 ہزار ہے جن میں سے 61 ہزار کا علاج جاری جبکہ باقی شہری مسنگ ہیں ، ایچ آئی وی ایڈز کی صورتحال اور عالمی فنڈز کے استعمال سے متعلق پریس کانفرنس کر تے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ 2024-26 کے دوران پاکستان کے لئے ایچ آئی وی پروگرام کی مجموعی لاگت 65 ملین امریکی ڈالر تھی اس میں سے وزارت صحت کو محض 3.9 ملین ڈالر د ئیے گئے جبکہ باقی 61.1 ملین ڈالر یو این ڈی پی اور 'نئی زندگی' نامی این جی او کو فراہم کیے گئے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ این جی اوز وزارت صحت کو فنڈز کے استعمال سے متعلق معلومات دینے سے انکاری ہیں اور اسے ایک حساس معاملہ قرار دے کر تفصیلات چھپا رہی ہیں ،انہوں نے تونسہ اور اسلام آباد کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کی اور کہا کہ تونسہ میں حالیہ دنوں میں کوئی نیا واقعہ پیش نہیں آیا بلکہ وہ 2024 کا کیس تھا۔