امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں کنگ چارلس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران ایک دلچسپ اور غیر رسمی گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ کو برطانوی بادشاہ کنگ چارلس بچپن سے ہی بہت پسند تھے۔
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں ذاتی یادیں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ اکثر ٹی وی پر کنگ چارلس کو دیکھ کر ان کی تعریف کرتی تھیں، اور کہتی تھیں کہ وہ بہت پیارے اور دلکش شخصیت کے مالک ہیں۔ انہوں نے ہنس کر کہا، "میری والدہ کو چارلس پر کرش تھا، کیا آپ یقین کریں گے؟" اس کے علاوہ، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کو نہ صرف کنگ چارلس بلکہ ملکہ الزبتھ دوم بھی بہت پسند تھیں، اور جب بھی وہ ملکہ کو ٹی وی پر دیکھتیں، تو ان کی خوبصورتی اور وقار کی تعریف کیا کرتی تھیں۔ یہ گفتگو سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جہاں صارفین اس دلچسپ انکشاف پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔