مقامی طور پر تیار کردہ میزائل جدید ایویانکس اور جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے‘ فوجی اہلکاروں کی تربیت اور تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا
میزائل کے مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی اور درستگی کا کامیاب ٹیسٹ کیا گیا‘صدر‘وزیراعظم اور سروسز چیفس کی کامیاب تجربے پر ٹیم کومبارکباد
راولپنڈی (آن لائن)پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے فتح-II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔جس پر صدرآصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر ٹیم کو خراج تحسین پیش کیاہے۔مقامی طور پر تیار کردہ فتح-II جدید ایویانکس اور جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق تربیتی لانچ کا مقصد فوجی اہلکاروں کی تربیت اور تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔ میزائل کے مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی اور درستگی کا کامیاب ٹیسٹ کیا گیا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، پاک فوج اور سائنٹسٹس نے لانچ کا مشاہدہ کیا۔ فتح سیریز کے میزائل کے کامیاب تجربے پر اعلی حکام نے تعریف کی ہے اور صدرآصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر ٹیم کو خراج تحسین پیش کیاہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق اس تجربے سے جدید دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ اور میزائل کی درستگی اور بقا کی صلاحیت بہترہوگی۔یہ تجربہ قومی دفاع میں خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔صدر ، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہوں کی کامیاب تربیتی تجربے میں حصہ لینے والوں کو مبارکباددی ہے ۔