چھت گرنے سے خاتون جاں بحق،بچی زخمی

سرگودھا(خصوصی رپورٹ) لیاقت ٹا ئون میں گھر کی چھت اچانک زمین بوس، ملبے تلے دب کر 56 سالہ خاتون جاں بحق، 8 سالہ بچی زخمی، حادثے نے گھر میں صف ماتم بچھا دی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق گلی نمبر 3، لیاقت ٹا ئون چک نمبر 49 میں گارڈر اور ٹی آئرن سے بنی گھر کی چھت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں 56 سالہ زاہدہ زوجہ جارج اور 8 سالہ مریم ملبے تلے دب گئیں، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور سخت جدوجہد کے بعد دونوں کو ملبے سے نکال لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زاہدہ کے وائیٹل سائنز چیک کیے اور سی پی آر بھی دی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں، جبکہ 8 سالہ مریم کے پا ئوں پر معمولی خراشیں آئیں جسے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے اور متاثرہ حصے کی مکمل سرچ کے بعد جائے حادثہ کلیئر کر دیا، تاہم لواحقین نے خاتون کی لاش ہسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔