خواتین کو ایسی جنرل نشستیں دینا جن پر جیت یقینی ہو اس کیلئے قانون سازی کی ضرورت
ٹکٹوں کی تقسیم سیاسی جماعتوں کا اندرونی معاملہ ،مداخلت نہیں کر سکتے۔ترجمان کی وضاحت
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ موجودہ انتخابی قوانین کے تحت خواتین کو ٹکٹ دینے کا اختیار سیاسی پارٹی کا ہوتا ہے،اس میں الیکشن کمیشن کسی قسم کی مداخلت نہیں کر سکتا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ انگریزی کے ایک اخبار میں چھپنے والی خبر جس میں پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے الیکشن کمیشن کو احکامات کا ذکر کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کی طرف سے الیکشن ایکٹ کے سیکشن 206 کے تحت خواتین کو دی جانے والی 5 فیصد کوٹہ کی جنرل سیٹوں پر یہ یقینی بنائے کہ یہ ایسی نشستیں ہوں جس پر خواتین کی جیت یقینی ہو۔ مزید یہ الیکشن کمیشن مختلف لوکل گورنمنٹس میں 563 خالی نشستوں کو بھی پر کرنے کے انتظامات کرے۔ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس خبر کی وضاحت کرتا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کو اسی وقت بتا دیا گیا تھا کہ موجودہ انتخابی قوانین کے تحت خواتین کو ٹکٹ دینے کا اختیار سیاسی پارٹی کا ہوتا ہے،اس میں الیکشن کمیشن کسی قسم کی مداخلت نہیں کر سکتا اور نہ الیکشن کمیشن اس بات کا مجاز ہے کہ کونسی سیٹ پر خاتون امیدوار کو پارٹی ٹکٹ دینا چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ سیٹوں پر ٹکٹوں کی تقسیم سیاسی جماعتوں کا اندرونی معاملہ ہے لہذا اگر کمیٹی یہ چاہتی ہے کہ خواتین کو ایسی جنرل نشستیں دی جائیں جس پر ان کی جیت یقینی ہو تو اس کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے اور یہ قانون سازی کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔